چیئرمین ایس ای سی پی اور کمشنرز کی تنخواہوں، الائونسز بارے بل سینیٹ میں جمع

پیر 15 ستمبر 2025 22:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)چیئرمین ایس ای سی پی اور کمشنرز کی تنخواہوں اور الائونسز سے متعلق بل سینیٹ میں جمع ہو گیا، بل مسلم لیگ ن کی سینیٹر انوشہ رحمان نے جمع کروایا۔بل کے متن کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی مالی خودمختاری ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، کمیشن سے چیئرمین اور کمشنرز کی تنخواہیں مقرر کرنے کا اختیار واپس لے لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پرائیویٹ ممبر بل میں ایس ای سی پی ایکٹ 1997ء کی دفعہ 3اور دفعہ 5میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔دفعہ 3کے تحت کمیشن کو انتظامی خودمختاری کے ساتھ مالی خودمختاری بھی حاصل ہے، مجوزہ ترمیم سے ایس ای سی پی کی مالی خودمختاری ختم ہوجائے گی۔ایس ای سی پی ایکٹ 1997ء کی دفعہ 5کی شق 4کے تحت کمشنرز اور چیئرمین کا معاوضہ کمیشن مقرر کرتا ہے، مجوزہ ترمیم کے تحت تنخواہ کا تعین بورڈ وفاقی حکومت کی منظوری سے کرے گا۔کمیشن کا چیئرمین اور کمشنرز کی تنخواہوں بارے فیصلے کا اختیار ختم ہوجائے گا۔