لسبیلہ یونیورسٹی اورچینی اداروں کے درمیان بحری و ماحولیاتی سائنسز میں اشتراک کا فیصلہ

پیر 15 ستمبر 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)بلوچستان کی لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز (LUAWMS) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے چین کے شہر ویہائی میں واقع شانڈونگ یونیورسٹی کا دورہ کیا ،جہاں دونوں اداروں کے درمیان بحری اور ماحولیاتی سائنسز کے شعبوں میں طویل المدتی تحقیقی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ گوادر پرو کے مطابق وفد کی قیادت وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالمالک نے کی۔

ملاقات کے دوران شانڈونگ یونیورسٹی ویہائی کیمپس کے وائس پریذیڈنٹ ڈاکٹر شیا لیڈونگ نے چینی ٹیم کی قیادت کی۔ گوادر پرو کے مطابق یہ شراکت داری مشترکہ تحقیقی منصوبوں، علمی تبادلہ پروگرامز، اور پاکستانی طلباء کے لیے وظائف کے مواقع کو فروغ دے گی تاکہ بحری اور ماحولیاتی سائنسز میں علم اور جدت کو فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کا کہنا تھا کہ اس اشتراک سے لسبیلہ یونیورسٹی کی تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور خطے کو درپیش ماحولیاتی اور بحری چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔

ملاقات کا اختتام اس باہمی اتفاق پر ہوا کہ مستقبل قریب میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔ گوادر پرو کے مطابق وفد نے چین کے شہر گوانگڑو میں واقع سدرن میرین سائنس اینڈ انجینئرنگ گوانگ ڈونگ لیبارٹری کا بھی دورہ کیا تاکہ بحری اور ماحولیاتی سائنسز میں تحقیقاتی تعاون کے مزید امکانات تلاش کیے جا سکیں۔ ملاقات کے دوران دونوں اداروں نے اس شراکت داری کو رسمی شکل دینے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔