آر ڈی اے نے وزیر ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی

پیر 15 ستمبر 2025 20:00

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر آر ڈی اے بلڈنگ کنٹرول ونگ نے وزیر ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم کے مالکان کے خلاف پولیس اسٹیشن چکلالہ میں ایف آئی آر درج کرا دی ہے، کیونکہ وہ غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق مالکان کو پہلے ہی منظور شدہ نقشوں اور قواعد کی خلاف ورزی پر نوٹسز جاری کیے جا چکے تھے اور غیر قانونی تعمیرات کو سیل بھی کیا گیا تھا۔

تاہم اس کے باوجود انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2021 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بغیر منظوری اور این او سی کے غیر قانونی تعمیرات جاری رکھیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے لینڈ یوز اینڈ بلڈنگ کنٹرول ونگ کو ہدایت کی ہے کہ تجاوزات، غیر قانونی و غیر مجاز تعمیرات اور غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف سخت اور غیر جانبدارانہ کارروائی کی جائے۔

مزید برآں، غیر قانونی رہائشی و کمرشل عمارتوں، کمرشلائزیشن اور سپلیمنٹری بلڈنگ پلانز کی منظوری کے لیے واجبات اور فیسوں کا تعین کر کے انہیں باقاعدہ بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف اقدامات عوام اور ان کی سرمایہ کاری کے تحفظ کی طرف ایک مثبت پیش رفت ہیں۔ آر ڈی اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی تجاوزات از خود ختم کریں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان یا جرمانے سے بچا جا سکے۔