خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ صحت کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس

پیر 15 ستمبر 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ صحت کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئر مین اور رکن صوبائی اسمبلی زر عالم خان کی زیر صدارت پیر کو اسمبلی سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے اراکین و ممبران صوبائی اسمبلی سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تیمرگرہ میڈیکل کالج کی فنگشن لائزنگ اور اس میں حالیہ ریکروٹمنٹ کے ایجنڈا آئٹمز پر تفصیلی غور خوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئر مین کمیٹی ذر عالم خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تیمرگرہ میڈیکل کالج کی فنگشن لائزنگ کے لیے سب سے ضروری فیکلٹی ہے اور فیکلٹی کے لیے ڈی ای سی کی میٹنگ ضروری ہے اور آئندہ میٹنگ سے پہلے پہلے ڈی ای سی کی میٹنگ ہونی چاہیے تاکہ فیکلٹی کا مسئلہ ہم جلد سے جلد حل کرسکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تیمرہ گرہ میڈیکل کالج جب تک فیکلٹی کا مسئلہ حل نہ ہو اس وقت تک مزید بھرتیاں نہیں کی جا سکتیں اور اس حوالے سے بھرتیوں کا تمام ریکارڈ آئندہ ہونے والے کمیٹی اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ چیئر مین سب کمیٹی نے سب کمیٹی کے ممبران کی جانب سے پیش کردہ تجاویز کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔