آسٹریلیا کا سوشل میڈیا پر کم عمر افراد کے لیے نیا قانون نافذ ،16 سال سے کم عمر پر پابندی

منگل 16 ستمبر 2025 08:50

کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) آسٹریلیا نے 16 سال سے کم عمر افراد پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کے قانون کے تحت ٹیکنالوجی کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عمر کی تصدیق کے لیے "کم سے کم مداخلت پر مبنی" طریقے اختیار کریں۔ رائٹرز کے مطابق حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ہر صارف سے عمر کی تصدیق کے لیے سخت یا عمومی طریقے اپنانے کے بجائے مصنوعی ذہانت اور صارف کے آن لائن رویے پر مبنی موجودہ ڈیٹا استعمال کریں تاکہ اندازہ لگایا جا سکے کہ کون سے صارفین کم عمر ہیں۔

آسٹریلوی انٹرنیٹ نگران ادارے ای سیفٹی کی کمشنر جولی اِنمن گرانٹ کے مطابق، سوشل میڈیا کمپنیاں اشتہارات کے لیے صارفین کو بڑی درستگی سے ہدف بنا سکتی ہیں، تو وہی ٹیکنالوجی بچوں کی عمر کا اندازہ لگانے کے لیے بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بالغ صارفین کے لیے دوبارہ عمر کی تصدیق کا تقاضا "غیر معقول" ہوگا۔وفاقی وزیر مواصلات انیکا ویلز نے کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ کم عمر اکاؤنٹس کی شناخت، ان کی بندش، دوبارہ رجسٹریشن کی روک تھام اور صارفین کے لیے شکایتی طریقہ کار کی فراہمی جیسے معقول اقدامات کریں۔

آسٹریلیا یہ قانون نافذ کرنے والا دنیا کا پہلا ملک بن رہا ہے، اور اسے عالمی سطح پر ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے۔ قانون کے مطابق، پلیٹ فارمز کو 10 دسمبر 2025 تک تمام کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس بند کرنے ہوں گے۔