قطر پر حملے کے باوجود اسرائیل امریکا تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، امریکی وزیر خارجہ

اتوار 14 ستمبر 2025 18:00

قطر پر حملے کے باوجود اسرائیل امریکا تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، امریکی ..
‘واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2025ء) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ قطر پر اسرائیلی حملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ ناخوش ہیں لیکن اس صورتحال سے امریکہ اور اسرائیل کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واشنگٹن اور تل ابیب کے تعلقات بہت مضبوط ہیں اور رہیں گے۔روبیو کے مطابق کئی ممالک قطر میں پیش آنے والے واقعے پر ناراض ہیں اور امریکا نے بھی اس سلسلے میں ہونے والی میٹنگ میں شریک نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ یرغمالیوں کی رہائی اور تنازع کے خاتمے کے خواہاں ہیں تاکہ اگلے مرحلے کی طرف بڑھا جا سکے، جو کہ غزہ کی تعمیر نو اور وہاں سکیورٹی کی فراہمی ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم سے قطر پر حملے کے اثرات پر بات کریں گے۔ تاہم انہوں نے غزہ پر اسرائیلی حملے میں امریکی حمایت کے سوال کا براہِ راست جواب دینے سے گریز کیا۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ممالک کو پہلے ہی خبردار کیا گیا تھا اور اسرائیل کا سخت ردعمل انہی فیصلوں کا نتیجہ ہے۔