یورپی دباؤ کے باوجود روسی شہریوں کے لیے ویزا کی شرط نافذ نہیں کریں گے ، سربیا

منگل 16 ستمبر 2025 09:20

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) سربیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ یورپی یونین کے دباؤ کے باوجود روسی شہریوں پر ویزا کی شرط نافذ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا ہے ۔ روس میں متعین سربیا کے سفیر مومچلو بابچ نے روسی خبر رساں ایجنسی تاس کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں کہ سربیائی حکومت روسیوں کے لیے ویزا نظام متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ مجھے امید ہے کہ 2027 سے قبل ویزے نافذ نہیں کیے جائیں گے، اور مجھے یقین ہے کہ ایسی کوئی تیاری نہیں ہو رہی۔ یہ خبریں درست نہیں۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ سربیا نے ویزا پالیسی کو یورپی یونین سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عمان، کویت، منگولیا، اور قطر کے ساتھ ویزا نظام متعارف کرایا ہے، لیکن روس کے ساتھ ایسا کوئی قدم اٹھانا سربیا کے عوام کے مفاد میں نہیں ہے۔سفیر کا کہنا تھا کہ سربیا ابھی یورپی یونین کا رکن نہیں ہے، تو ہم کیوں ایسے اقدامات کریں جو ہمارے عوام کے مفاد میں نہ ہوں؟ چاہے بات توانائی کی ہو یا دفاع کی، روس ہمارا قابلِ اعتماد اتحادی ہے۔