ابوظہبی میں میکسیکو کے یومِ آزادی کی تقریب

منگل 16 ستمبر 2025 10:10

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) متحدہ عرب امارات میں میکسیکو کے سفارت خانے کی جانب سے یومِ آزادی کے موقع پر گزشتہ شب ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اماراتی وزارت خارجہ کے امریکی امور کے شعبے کی نائب ڈائریکٹر شیخہ حصہ بنت سلطان بن خلیفہ النہیان نے شرکت کی۔اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق یہ تقریب امارات پیلس ہوٹل، ابوظہبی میں میکسیکو کے سفیر لوئیس الفونسو دے آلبا گونگورا کی میزبانی میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں متحدہ عرب امارات کے متعدد اعلیٰ حکام، عرب اور غیر ملکی سفارتی مشنز کے سربراہان اور میکسیکو کی کمیونٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ استقبالیہ تقریب میں اپنے خطاب میں میکسیکن سفیر نے کہا کہ یہ دن نہ صرف میکسیکو کے قومی دن کا جشن ہے بلکہ امارات اور میکسیکو کے درمیان سفارتی تعلقات کے 50 سال مکمل ہونے کی بھی علامت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن ہیں، خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بے پناہ امکانات موجود ہیں۔

سفیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اعلیٰ سطحی دو طرفہ سرکاری دوروں نے باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امارات، میکسیکو کا عرب دنیا میں سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔تقریب کے دوران میکسیکو کے روایتی لوک رقص اور ثقافتی مظاہرے بھی پیش کیے گئے۔