یونیورسٹی آف تربت ماڈل سکول کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا پہلا اجلاس،متعدد فیصلے کئے گئے

منگل 16 ستمبر 2025 16:45

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف تربت ماڈل سکول کے بورڈ آف ٹرسٹیز کا پہلا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی زیر صدارت وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا،جس میں متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منصور احمد، رجسٹرار گنگزار بلوچ، ڈائریکٹر فنانس شاہ بیک سید، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کیچ منظور احمد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خضدار عابد حسین اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز اعجاز احمد نے شرکت کی۔

اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے یونیورسٹی ماڈل سکول کو خطے میں معیاری ایلیمنٹری تعلیم کے فروغ کی جانب اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف یونیورسٹی ملازمین کے بچوں کومعیاری تعلیم فراہم کررہا ہے بلکہ مقامی کمیونٹی کے لئے بھی ایک معتبر اور معیاری تعلیمی درسگاہ کی حیثیت اختیار کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بورڈ ممبران کی تعلیمی و انتظامی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پیش کی گئی تجاویز پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

بورڈ ممبران نے یونیورسٹی کے اس وژن کو سراہا جس کے تحت مستقبل میں مکران ڈویژن کے مختلف اضلاع میں ماڈل سکول کے مزید کیمپس قائم کرکے اسے ایک جامع تعلیمی نیٹ ورک کی شکل دینے کا منصوبہ ہے۔ اجلاس میں طے پایا کہ سکول کے تمام تعلیمی، انتظامی، مالی اور ترقیاتی معاملات بورڈ آف ٹرسٹیز کے ذریعے سرانجام دیئے جائیں گے۔بورڈ نے اجلاس کے دوران متعدد اہم فیصلے کیے جن میں تعلیمی کیلنڈر کی تیاری، طلبہ کے یونیفارم کی حتمی توثیق اور نصابی کتب کی فراہمی کے لئے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے ساتھ الحاق شامل تھا۔

اس کے علاوہ فیس سٹرکچر میں مناسب ردوبدل، تدریسی و غیر تدریسی عملے کی تقرری کاطریقہ کار، تعلیمی سیشنز کا شیڈول، عملے کے لئے چھٹی کے قواعدوضوابط اور آئی ٹی آلات سمیت درس و تدریس کے لئے جدیدآلات کی فراہمی پر بھی غور کیا گیا۔مزید برآں اجلاس میں سکول کو درپیش چیلنجز اور اس کی پائیدار ترقی کے لئے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ بورڈ آف ٹرسٹیز کے اجلاس باقاعدگی کے ساتھ منعقد کیے جائیں گے تاکہ سکول کی پیش رفت کو موثر انداز میں جاری رکھا جا سکے۔

اس موقع پر سکول پرنسپل مہناز بشیر نے سکول کی اب تک کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ 2022 میں قیام کے بعد سے سکول تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور اس وقت 358 طلبہ جدید سہولیات کی فراہمی کے ساتھ قابل اساتذہ کی رہنمائی میں معیاری تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ بورڈ ممبران نے سکول کی مختصر عرصے میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :