سیکرٹری ایچ ای ڈی ڈاکٹر غلام فرید کی یو ای ٹی لاہور آمد، مختلف ریسرچ سینٹرز اور لیبارٹریز کا دورہ

منگل 16 ستمبر 2025 14:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) سیکرٹری محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر غلام فرید نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی)لاہور کا دورہ کیا اور وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر سے ملاقات کی۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے ان کا خیرمقدم کیا اور یونیورسٹی کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں، نمایاں کامیابیوں، جاری منصوبوں اور مستقبل کی ترجیحات پر مبنی ایک جامع بریفنگ دی۔

اجلاس میں یونیورسٹی کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت کی گئی اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ممکنہ تعاون کے امکانات پر غور کیا گیا۔ سیکرٹری نے وائس چانسلر کی طرف سے یونیورسٹی کو مالی بحران سے نکالنے کی حکمت عملی کو سراہا، انہوں نے یو ای ٹی میں ریکارڈ داخلوں کی خبر کا بھی خیر مقدم کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈینز اور مختلف شعبوں کے چیئرمینز بھی موجود تھے۔

سیکرٹری ایچ ای ڈی نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے یو ای ٹی کو ماڈل یونیورسٹی بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ وائس چانسلر نے وزیرِ اعلی کے اس اقدام کو سراہا اور اسے خوش آئند قرار دیا۔ سیکرٹری ایچ ای ڈی نے کہا یو ای ٹی وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر کی قیادت میں عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرنے کی طرف گامزن ہے۔بعد ازاں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے نینو ٹیکنالوجی سینٹر، ریزولو ریسرچ لیب، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)ریسرچ سینٹر اور مکینیکل اینڈ مکینٹرونکس ڈیپارٹمنٹ میں قائم روبوٹکس لیب کا دورہ کیا اور کہا کہ مجھے لیبارٹریز میں عالمی معیار کی مشینری دیکھ کر خوشی ہوئی علاوہ ازیں انہوں نے پولیمر ڈیپارٹمنٹ کی لیبارٹریز کا بھی معائنہ کیا۔