سندھ ہائیکورٹ، فردوس شمیم نقوی کی انکوائری کے لئے اسلام آبادکو جواب جمع کروانے کی ہدایت ،سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی

منگل 16 ستمبر 2025 16:36

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کی انکوائری کے لئے اسلام آباد کے نوٹس کیخلاف درخواست پر اسلام آباد پولیس کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی،منگل کو سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی کی انکوائری کے لئے اسلام آباد کے نوٹس کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے ایف آئی اے کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ درخواستگزار کیخلاف ایف آئی اے کے کسی بھی ونگ میں مقدمہ یا انکوائری نہیں ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو طلبی کا نوٹس تو اسلام آباد پولیس کی جانب سے موصول ہوا تھا۔ درخواست میں ایف آئی اے کو فریق کیوں بنایا گیا ہی درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ اسلام آباد پولیس کے نوٹس کے عنوان میں ایف آئی اے کی انکوائری کا ذکر ہے۔ جے آئی ٹی کی جانب سے درخواست گزار کے خلاف انکوائری کی جارہی ہے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے تاحال جواب جمع نہیں کروایا گیا ہے۔ عدالت نے اسلام آباد پولیس کو جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔