یونیورسٹی آف سرگودھا میں ڈیپارٹمنٹ آف زوالوجی کے زیرِاہتمام محفلِ میلادِ مصطفی ﷺکا انعقاد

منگل 16 ستمبر 2025 16:29

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے ڈیپارٹمنٹ آف زوالوجی کے زیرِ اہتمام محفلِ میلادِ مصطفی ﷺ عقیدت واحترام کے ساتھ منعقد کی گئی، جس میں چیئرمین شعبہ زوالوجی ڈاکٹرمحمد خالد مختار، شعبہ عربی کے استاد ڈاکٹر محمد انس، دیگر اساتذہ اور طلبہ وطالبات بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد نعتیہ مقابلہ منعقد کیا گیا۔

طلبہ وطالبات نے عقیدت ومحبت کے ساتھ حضور اکرم ﷺ کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کیا، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔اس موقع پر شعبہ عربی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد انس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی ﷺ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

(جاری ہے)

آپ ﷺ نے عدل وانصاف، مساوات، رحم دلی اور خدمتِ خلق جیسے اعلیٰ اوصاف عملی زندگی میں پیش کر کے دنیا کو کامل رہنمائی عطا کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوان اگر اپنی زندگیوں کو سیرتِ طیبہ کے مطابق ڈھال لیں تو وہ دنیا وآخرت دونوں میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ڈاکٹر محمد انس نے مزید کہا کہ تعلیم کا مقصد صرف ڈگری حاصل کرنا نہیں بلکہ اپنے کردار کو سنوارنا اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لانا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی عملی زندگی میں صداقت، دیانت اور ایثار کو اپنائیں تاکہ معاشرے میں امن، بھائی چارہ اور باہمی احترام کو فروغ مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ حقیقی ترقی اور خوشحالی سیرتِ مصطفی ﷺ پر عمل کے بغیر ممکن نہیں۔دیگر مقررین نے بھی اپنے خطابات میں حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آپ ﷺ کی زندگی انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہے۔ہمیں چاہیے کہ اپنی انفرادی واجتماعی زندگی کو سیرتِ مصطفی ﷺ کے مطابق ڈھال کر ایک مثالی معاشرہ تشکیل دیں۔تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد ویکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

متعلقہ عنوان :