Live Updates

مظفرگڑھ ،حالیہ سیلاب سے ضلع مظفرگڑھ کے 161 مواضعات کا 2 لاکھ 9 ہزار 378 ایکڑ رقبہ زیر آب ہے،ڈپٹی کمشنر

منگل 16 ستمبر 2025 17:09

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کی روشنی میں سیلاب متاثرین کو بہتر سے بہتر ریلیف فراہم کرنے کےلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ اپنا گھر بار چھوڑ کے آنے والے متاثرین سیلاب کو ریلیف کیمپوں میں کھانے پینے کی سہولت کے ساتھ ساتھ میڈیکل، صفائی ستھرائی، بچوں کے تعلیم اور کھیل سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ متاثرین سیلاب کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جارہا ہے جس کے لئے پنجاب پولیس کے اہلکار ڈی پی او مظفرگڑھ سید غضنفرعلی کی سربراہی میں علی پور میں موجود ہے اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

پاک فوج او رنیوی کے افسران اور جوان دن رات ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں مصروف ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے سیلاب کی تباہ کاریوں اور ریلیف سرگرمیوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب سے مظفرگڑھ کے 161 مواضعات زیر آب ہیں ، 161 مواضعات کا 2 لاکھ 9 ہزار 378 ایکڑ رقبہ زیر آب ہے، تحصیل مظفرگڑھ کے 105 مواضعات، تحصیل علی پور کے 40 مواضعات اور تحصیل جتوئی کے 16 مواضعات زیر آب ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے ضلع بھر کے 3 لاکھ 94 ہزار 722 افراد براہ راست متاثر ہوئے ہیں۔ زیر آب علاقوں سے 1 لاکھ 91 ہزار 213 افراد کا انخلاء ہوا جبکہ 89 ہزار 101 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے ۔حالیہ سیلاب سے اب تک 9 افراد ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، 2 لاکھ 97 ہزار 367 جانوروں کو سیلاب متاثرہ علاقوں سے نکالا گیا اور کوئی جانور ہلاک نہیں ہوا۔ متاثرین سیلاب کےلئے ضلعی انتظامیہ کی طرف سے 30 ریلیف کیمپ اور 8 خیمہ بستیاں قائم کی گئی ہیں،ریلیف کیمپوں میں 39 ہزار 560 افراد، بندوں پر 18 ہزار 120 افراداور خیمہ بستیوں میں 2950 افراد مقیم ہیں۔

روزانہ تقریباً 47 ہزار 680 متاثرین سیلاب کو 3 وقت کا کھانا دیا جاتا ہے ۔ ریسکیو آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، پاک فوج ، ریسکیو 1122، پولیس کے جوان دن رات کام کررہے ہیں۔ ریسکیو آپریشن کےلئے 221 کشتیاں اور 712 لائف جیکٹس موجود ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں غیر سرکاری تنظیمیں ، فلاحی ادارے اور مخیر حضرات بھی معاونت کررہے ہیں۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات