پولیو کا خاتمہ اولین قومی ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، وفاقی وزیر سید مصطفی کمال

منگل 16 ستمبر 2025 23:06

پولیو کا خاتمہ اولین قومی ترجیح ہے، اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ اولین قومی ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی )برائے انسداد پولیو کا دورہ کرنے کے موقع پر کیا ۔انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین کے حوالے سے اگر کوئی خدشات موجود ہیں تو انہیں اپنے ذہن سے فوراً نکال دیں ، پولیو ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے اور دنیا بھر میں اسی کے ذریعے پولیو کا خاتمہ ممکن ہوا ہے، اسلام آباد کے لیے نئی حکمت عملی اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے، پولیو ویکسین کے قطرے پینے سے انکار کرنے والے علاقوں میں مقامی افراد کو تعینات کیا جائے، میرے نزدیک انکاری خاندان ایک ہی جگہ ہوں تو انہیں ہدف بنانا آسان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہتر کمیونیکیشن سٹریٹجی کے ذریعے عوام کی ذہن سازی کرنی ہوگی، پولیو ورکرز کے ہر دہلیز تک پہنچنے سے پہلے ہمارا پیغام پہنچنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سینکڑوں پولیو ورکرز نے پولیو کے خلاف اس جدوجہد میں اپنی جانیں قربان کیں، دنیا میں شاید ہی کوئی ایسا ملک ہو جہاں ہیلتھ ورکرز نے اتنی بڑی تعداد میں قربانیاں پیش کی ہیں۔ نیشنل کوآرڈینیٹر انوار الحق نے وزیر صحت کو یکم تا 7 ستمبر منعقد ہونے والی پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران ملک کے 81 مخصوص اضلاع میں 1 کروڑ 98 لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے۔جنوبی خیبرپختونخوا میں 15 ستمبر سے پولیو مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں 16 لاکھ 85 ہزار سے زائد بچے ہدف ہیں۔