ارسا میں سندھ سے وفاقی رکن کی عدم تعیناتی کے خلاف درخواست کی سماعت 14اکتوبر تک ملتوی

منگل 16 ستمبر 2025 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) سندھ ہائی کورٹ میں نئی نہروں کے لئے پانی کی دستیابی کے سرٹیفکیٹ اور ارسا میں سندھ سے وفاقی رکن کی عدم تعیناتی کے خلاف درخواست پر ایڈیشل اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا ۔عدالت نے درخواست کی مزید سماعت تک 14 اکتوبر ملتوی کردی۔

سندھ ہائی کورٹ میں نئی نہروں کے لئے پانی کی دستیابی کے سرٹیفکیٹ اور ارسا میں سندھ سے وفاقی رکن کی عدم تعیناتی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی ۔ایڈیشل اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا ۔عدالت نے ریکارڈ کی کاپی درخواست گزار کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو طلب کرلیا ۔

(جاری ہے)

جسٹس فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے کہ سندھ ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا سنگل بینچ کیسے معطل کرسکتا ہے۔یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے ۔ہم اس حوالے سے ہدایات جاری کردیتے ہیں تاکہ اس مسئلہ کو مستقل بنیادوں پر حل کیا جاسکے۔امید کرتے ہیں کہ صوبائی اور وفاقی حکومت اس مسئلے کو حل کریں گی۔عدالت نے ارسا کی جانب سے کینالز کے لیے پانی کی دستیابی کا سرٹیفیکیٹ معطل کرنے کے حکم امتناع میں بھی توسیع کردی ۔

وکیل اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے استدعا کی کہ ایسی ہی ایک درخواست آئینی بینچ میں زیر سماعت ہے اس کیس کو بھی وہاں منتقل کیا جائے ۔جسٹس فیصل کمال عالم نے ریمارکس دیئے کہ اس معاملے کو آئندہ سماعت پر دیکھیں گے ۔عدالت نے درخواست کی مزید سماعت تک 14 اکتوبر ملتوی کردی