مانسہرہ اور مظفر آباد پولیس کا برارکوٹ میں مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک

منگل 16 ستمبر 2025 18:18

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) مانسہرہ اور مظفر آباد پولیس نے تھانہ گڑھی حبیب اللہ کی حدود برارکوٹ میں مشترکہ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیا جسکی قیادت ایس پی بالاکوٹ جہانزیب خان نے کی جبکہ تھانہ گڑھی حبیب اللہ و مظفر آباد پولیس کے افسران و جوان اور لیڈیز پولیس کی ٹیمیں بھی شریک تھیں۔

(جاری ہے)

سرچ آپریشن کے دوران کرایہ داروں کے کوائف کی جانچ پڑتال،مشکوک مقامات کی تلاشی اور غیر قانونی اسلحہ و دیگر ممنوعہ اشیاء کی موجودگی کو چیک کیا گیا۔

ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈا پور نے اس موقع پر کہا کہ ایسے آپریشنز کا مقصد علاقہ میں امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنا،سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں کو ناکام بنانا اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ برارکوٹ چونکہ ایک حساس بارڈر ایریا ہے جہاں آزاد کشمیر اور صوبہ خیبرپختونخوا کی باؤنڈری ملتی ہے اس لیے وہاں کسی بھی مشکوک سرگرمی کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔