دالبندین میونسپل کمیٹی ملازمین کی تین ماہ سے تنخواہیں بند، احتجاج و ہڑتال شروع

منگل 16 ستمبر 2025 21:37

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)میونسپل کمیٹی دالبندین کے ریگولر ملازمین، ڈیلی ویجز، پنشنرز اور صفائی کے عملے نے تین ماہ سے تنخواہیں اور فنڈز کی بندش کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ ملازمین نے میونسپل کمیٹی کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے واضح اعلان کیا کہ جب تک ان کی تنخواہیں بحال نہیں کی جاتیں، صفائی ستھرائی اور دیگر تمام معمولات زندگی مکمل طور پر بند رہیں گے۔

ملازمین کا کہنا تھا کہ مسلسل تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے وہ شدید مالی مشکلات میں دوچار ہیں، یہاں تک کہ مقامی پرچون فروش اور سبزی فروش بھی انہیں مزید ادھار دینے سے انکار کرچکے ہیں۔ ان کے مطابق شہر اور نواحی علاقوں کا صفائی کا نظام معطل کردیا گیا ہے کیونکہ ٹریکٹرز اور دیگر مشینری کے لیے پٹرول و ڈیزل کی فراہمی بھی روک دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

احتجاجی ملازمین نے وضاحت کی کہ اگر خدانخواستہ کسی مقام پر آگ بھڑک اٴْٹھی تو فائر بریگیڈ کی گاڑی عوامی خدمت کے لیے تیار رہے گی، تاہم صفائی ستھرائی اور دیگر بلدیاتی سرگرمیاں آج سے مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حلقوں کے اصرار پر صرف کتا مار مہم کو جاری رکھا گیا ہے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ہم اپنے گھروں کے چولہے جلانے اور دو وقت کی روٹی کے لیے بھی پریشان ہیں،تنخواہیں بند ہونے سے حالات ناقابلِ برداشت ہوگئے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیر خزانہ سے پرزور اپیل کی کہ میونسپل کمیٹی دالبندین کے تمام ملازمین کی تنخواہیں فوری طور پر بحال کی جائیں، بصورتِ دیگر احتجاج اور ہڑتال کا سلسلہ غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا، جس کی مکمل ذمہ داری بالا حکام پر عائد ہوگی آج کی ہڑتال کے باعث پورا دالبندین صاف ستھرا نہ ہوسکا ہے اور مختلف شاہراہوں پر کچرا جمع ہونا شروع ہوگیا ہے۔ اس صورتحال سے ہندو محلہ سب سے زیادہ متاثر ہوگا۔ ملازمین نے کہا کہ اس تمام تر گندگی اور عوامی مشکلات کی ذمہ داری انہی حکام پر ہوگی جنہوں نے ہماری تنخواہیں بند کی ہیں۔