ٴمولانا سرور موسی خیل پر ایف آئی آر عوامی حقوق کی جدوجہد کا نتیجہ ہے،میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ

منگل 16 ستمبر 2025 20:37

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء)جمعیت علما اسلام کیچی بیگ کے امیر میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ ، عہدیداران حافظ محمد عمر، مولوی جمال الدین ، حافظ عبدالرحمن ، حافظ سلیم شاہوانی ، ملک فہیم ، محمد عمیر، جمیل احمد ، محمدعمران، مولوی محمد نواز، حافظ ہدایت اللہ نے اپنے مشترکہ بیان میں جمعیت علما اسلام بلوچستان کے نائب امیر مولانا محمد سرور موسی خیل کے خلاف درج مقدمے کو عوامی حقوق کی جدوجہد کو کچلنے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک موثر بیان میں، جمعیت کیچی بیگ کے رہنماں نے کہا کہ ایک بااختیار بیوروکریٹ کے ذاتی رنجشوں کی بنیاد پر مولانا موسی خیل کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ اقدام اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ ہماری کرپشن کے خلاف آواز حکومتی ایوانوں میں بیٹھے کرپٹ عناصر کو خوفزدہ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

مولانا سرور موسی خیل ہمیشہ غریب عوام کے لیے انصاف اور حق کی آواز بنے ہیں، اور اسی پاداش میں ان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔

رہنمائوں نے مزید کہا کہ جمعیت علما اسلام کسی بھی دھمکی یا جھوٹے مقدمے سے مرعوب نہیں ہو گی۔ ہم اپنے رہنما کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور اس انتقامی کارروائی کے خلاف ہر قانونی اور سیاسی محاذ پر لڑیں گے۔ یہ مقدمہ ہماری جدوجہد کو ختم نہیں کر سکتا، بلکہ اس سے ہماری عزم اور حوصلے مزید بلند ہوں گے۔ ہم اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک مولانا کو انصاف نہیں مل جاتا۔