منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا کا ملکہ کوہسار مری کا تفصیلی دورہ

منگل 16 ستمبر 2025 20:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا نے ملکہ کوہسار مری کا تفصیلی دورہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا نے سہر بگلہ، علیوٹ، گھڑیال، اوچھا، مہرہ، سندیاں، کرم کوٹ،بھاٹیاں اور لکوٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور سیاحت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ریجنل منیجر پتریاٹہ چیئرلفٹ میاں معظم نذیر نے منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی کو سیاحوں کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی نے اس موقع پر گالف کارٹ منصوبے کا افتتاح بھی کیا۔ بعد ازاں منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا نے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی اور اے ڈی سی جی مری کامران صغیر سے بھی ملاقات کی اور سیاحت کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا نے کہا کہ ملکہ کوہسار مری سیاحت کا مرکز ہے۔ ملک بھر سے سیاح یہاں سیر و تفریح کیلئے بڑی تعداد میں آتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کی روشنی میں مری میں سیاحت کے فروغ کے لیے جدید منصوبے لائے جا رہے ہیں۔ملکہ کوہسار مری میں سیاحت کے فروغ کے لیے ٹی ڈی سی پی نے نئے منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر سیاحت مریم اورنگزیب کی قیادت میں مری میں بڑے اور جدید سیاحتی منصوبے شروع کئیے جا رہے ہیں جن میں ماحول دوست ٹورسٹ ریزارٹ، تھیم پارک، سکائی گلاس واک وے برج، سفاری ٹرین، گالف کارٹس اور پیرا گلائڈنگ کلب شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر مری کے ہائیکنگ ٹریکس کی بحالی و تزئین کا کام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔