اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد احسان کی تہران میں سائنس اور ٹیکنالوجی کانفرنس میں شرکت

منگل 16 ستمبر 2025 22:00

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے شعبہ پیراسیٹولوجی فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد احسان نے امیرکبیر یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی تہران میں منعقدہ سائنس اور ٹیکنالوجی کانفرنس میں شرکت کی۔انہوں نے چھٹی مصطفی ؐپرائز ایوارڈ تقریب میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور یونیورسٹی کی نمائندگی کی۔

انہوں نے ان تقریبات میں سائنس و ٹیکنالوجی اور اختراع کے شعبوں میں تعاون اور علم کے تبادلے کو فروغ دینے کے لیے مسلم دنیا کے سرکردہ سائنسدانوں، اختراع کاروں اور سکالرز کو اکٹھا کرنے پر زور دیا ۔ اپنی شرکت کے دوران ڈاکٹر احسان کو سائنس اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی اہم علمی اور تحقیقی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے عالمی سطح پر معروف ماہرین اور انعام یافتہ افراد سے ملاقات کا موقع ملا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ینگ سائنٹسٹ میڈل ایوارڈ، سائنس کیفے اور مختلف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پینلز سمیت کئی سیشنز میں سرگرمی سے حصہ لیا۔ ممتاز سکالرز اور انعام یافتہ افراد کے ساتھ اپنی بات چیت میں ڈاکٹر احسان نے پاکستان میں مویشیوں اور انسانوں دونوں کو متاثر کرنے والی زونوٹک اور متعدی بیماریوں کے خلاف ویکسین کی تیاری کی اہم ضرورت پر زور دیا۔

مسلم دنیا کے سائنسدانوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ساتھ مستقبل میں تعاون میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، ڈین فیکلٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پروفیسر ڈاکٹرمحمد خالد منصوراور چیئرمین پیراسیٹولوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر توصیف الرحمان نے ڈاکٹر احسان کی شرکت اور یونیورسٹی کی نمائندگی کو سراہا۔