لاہور میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن،672 سامان ضبط اور1549 غیر قانونی بینرز ہٹا دیئے گئے

بدھ 17 ستمبر 2025 17:46

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے"کلین لاہور" ویژن کے تحت شہر بھر میں گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی سربراہی میں تجاوزات مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کیا جا رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں672 تجاوزات کا سامان ضبط کیا گیا جبکہ مختلف علاقوں سے1549 غیر قانونی بینرز اور فلیکسز اتار لیے گئے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ تجاوزات کے ہاٹ سپاٹس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ سڑکیں اور بازار کشادہ ہو سکیں اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے واضح کیا کہ قانون سب کیلئے برابر ہے اور تجاوزات کے خاتمے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور کو تجاوزات سے پاک اور صاف ستھرا شہر بنانا ضلعی انتظامیہ کا عزم ہے اور یہ آپریشن آخری تجاوزات کے خاتمے تک پوری قوت سے جاری رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے لاہور کی تاریخی خوبصورتی دوبارہ ابھر کر سامنے آ رہی ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تجاوزات سے متعلق شکایات کے لیے کنٹرول روم نمبر 03070002345 پر فوری رابطہ کریں۔