Live Updates

سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کیلئے اگلے دو روز میں اس کا اعلان کردیا جائے گا‘توانائی کمیٹی کو بریفنگ

بدھ 17 ستمبر 2025 23:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 ستمبر2025ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کو بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اگلے دو روز میں اس کا اعلان کردیا جائے گا۔ بدھ کو چیئرمین محمد ادریس کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں حیسکو کے نقصانات اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا معاملہ زیر بحث رہا کمیٹی کو سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ ملتان اور لاہور والی ڈسکوز میں ریکوری 100 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ حیسکو میں بجلی بلوں کی ریکوریوں کے مسائل زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایسا نہیں ہے کہ لاہور اور ملتان میں زیادہ ایماندار افسران بیٹھے ہیں انہوں نے کہاکہ حسیکو میں بلوں کی ریکوری نہ ہونے کی وجہ گورننس کے مسائل ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رکن کمیٹی حسین طارق نے کہاکہ اگر حیسکو میں ریکوری نہیں ہو رہی تو آپ کی سرویلینس ٹیمز کیا کر رہی ہیںرکن کمیٹی نوشین افتخارنے کہاکہ30 ہزار کا بل ایک مزدور ایک ہی بار ادا نہیں کر سکتاہے بل کو اقساط میں لینے کا کوئی نہ کوئی حل نکالیں سیکرٹری توانائی نے کہاکہ پاور سیکٹر سے پچھلے سال کی نسبت لوگوں کو ریلیف ملا ہے اور200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ صارفین کا 6 سے 7 ہزار کا بل آتا ہے انہوں نے کہاکہ جس غریب آدمی کا بل 30 ہزار تک چلا جاتا ہے اس نے کئی ماہ سے بل نہیں دیا رکن کمیٹی حسین طارق نے کہاکہ نیپرا اور پاور ڈویژن کی جانب سی7 سے 8 گھنٹے اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی ہدایت ہے کمیٹی کوبتایا جائے کہ حیسکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کیوں کی جاتی ہے جس پر سی ای او حیسکو نے کہاکہ کچھ مسائل کی وجہ سے بعض اوقات غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہوجاتی ہے جس پر رکن کمیٹی حسین طارق نے کہاکہ ان سے حلفا بیان لیں کیونکہ یہ پارلیمنٹ کے سامنے بیٹھے ہیںاگر ان کے بیان میں جھوٹ ہوا تو انہیں استحقاق کمیٹی لے جاونگا اجلاس کو سیکرٹری توانائی نے بتایا کہ حکومت کا سیلاب متاثرین کیلئے اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں پیکج لارہی ہے انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرین کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے پر کام کر رہے ہیںاورایک دو روز میں سیلاب متاثرین سے متعلق ریلیف سامنے آ جائے گا انہوں نے کہاکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیلئے آئی ایم ایف کے ساتھ رابطے میں ہیں جبکہ وزارت خزانہ کے ساتھ بھی ریلیف پیکج کیلئے بات چیت کر رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔اعجاز خان
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات