امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی پروفیسر ابراہیم خان کا عمان کی حدود میں ماہی گیروں کی کشتی میں آتشزدگی کے واقعے پر اظہار افسوس

بدھ 17 ستمبر 2025 19:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی پروفیسر محمد ابراہیم خان نے عمان کی حدود میں ماہی گیروں کی کشتی میں آگ لگنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بنوں کے بائیس ماہی گیروں کی شہادت پر رنج و غم اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز خوجڑی ضلع بنوں میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کے موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان رزقِ حلال کمانے کے دوران شہید ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بنوں کے ماہی گیروں کے خاندانوں کی خبر گیری کریں۔ ان میں بہت سے افراد شادی شدہ اور بچوں والے تھے، ان کی شہادت سے بچے یتیم اور خواتین بیوہ ہوگئی ہیں۔ دونوں حکومتیں متاثرہ خاندانوں کے مالی امداد کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور کربناک ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے شہداء کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔