ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کی زیر صدارت کرائم کنٹرول سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد

بدھ 17 ستمبر 2025 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق کی زیر صدارت کرائم کنٹرول سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف پہلوئوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔بدھ کوترجمان ایس ایس پی ملیر کے مطابق ایس ایس پی ملیر نے تمام افسران کو ہدایت دی کہ اپنے اپنے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کریں۔

انہوں نے سٹریٹ کریمنلز، منشیات فروشوں اور گٹکا ماوا کی سپلائی و فروخت جیسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت جاری کی۔انہوں نے ہدایت دی کہ ایسے تمام افراد جو پولیس کی فہرستوں میں شامل ہیں یا اشتہاری و مفرور ملزمان کے طور پر ریکارڈ پر ہیں، کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تھانوں میں نصب حاضری مشینوں کے ذریعے افسران و اہلکاران کی حاضری ہر صورت یقینی بنائی جائے، اگر کوئی اہلکار یا افسر بغیر جواز غیر حاضری کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ علاقے میں سنیپ چیکنگ، کامبنگ سرچ آپریشن اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر ٹارگٹڈ ایکشنز جاری رکھے جائیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ عوام سے تھانوں میں خوش اخلاقی اور تعاون پر مبنی رویہ اختیار کیا جائے، بصورت دیگر شہریوں سے غفلت برتنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں ایس پی ملیر سمیت ضلع ملیر کے تمام ایس ڈی پی اوز اور تمام ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔