مختلف نوعیت کے مقدمات میں 91ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ ومسروقہ گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں برآمد کر لیں، ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ محمد بلوچ

بدھ 17 ستمبر 2025 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ محمد بلوچ نے کہا ہے کہ مختلف نوعیت کے مقدمات میں 91ملزمان کو گرفتارکرکے اسلحہ ومسروقہ گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں برآمدکر لی گئیں،ماہِ ستمبر کے ابتدائی 16 دنوں میں منشیات فروشوں، جرائم پیشہ عناصر، غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں، موٹر سائیکل چھیننے والے ملزمان اور چوروں کے خلاف کارروائیوں کے دوران اچھی کامیابی ملی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ محمد بلوچ نے کہاکہ پولیس نے کارروائیوں کے دوران مختلف جرائم میں ملوث درجنوں ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور چھینی و چوری شدہ موٹر سائیکلیں و گاڑیاں برآمد کیں۔ منشیات کے کیسز میں پولیس نے 35 مقدمات درج کرتے ہوئے 35 ملزمان کو گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

کارروائیوں میں 48.200 کلو چرس، 0.150 کلو ہیروئن، 0.568 کلو آئس اور 4 بوتلیں شراب برآمد ہوئیں۔

اسلحہ برآمدگی کے کیسز میں غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر 28 مقدمات درج کرتے ہوئے 28 ملزمان گرفتار کیے گئے، جن کے قبضے سے 3 ایس ایم جی، 1 رائفل، 1 شاٹ گن، 23 پستول اور 112 کارتوس برآمد ہوئے۔اسی طرح سنیچنگ کیسز میں موٹر سائیکل اور گاڑی چھیننے والے 7 ملزمان گرفتار کیے گئے جبکہ ان کے قبضے سے چھینی گئی 6 موٹر سائیکلیں اور 1 گاڑی برآمد کی گئی جبکہ چوری کے کیسزمیں چوری کی وارداتوں میں ملوث 21 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن سے 18 موٹر سائیکلیں اور 2 گاڑیاں برآمد ہوئیں۔

ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ نے کہا کہ یہ کارروائیاں صرف وقتی نہیں بلکہ شہر کو منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور جرائم سے پاک کرنے کے مستقل مشن کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پولیس معاشرے کو محفوظ اور پرامن بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور کوئٹہ کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔