کوئٹہ پولیس ، رواں ماہ کے دوران 35ملزمان گرفتار،چھینی گئی گاڑیاں ،موٹرسائیکل ،منشیات اوراسلحہ برآمد

بدھ 17 ستمبر 2025 20:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)کوئٹہ پولیس نے رواں ماہ کے دوران 35ملزمان کوگرفتار کرکے چھینی گئی گاڑیاں ،موٹرسائیکل ،منشیات اوراسلحہ برآمدکرلیا۔ ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ محمدبلوچ نے بتایا کہ ماہ ستمبرکے دوران کوئٹہ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 35ملزمان کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے 48کلو 200گرام چرس ،150گرام ہیروئن ، 568گرام آئس ،4بوتل شراب ، ایس ایم جی 3، رائفل 1، شاٹ گن 1، پستول 23 اور 112 کارتوس ،24موٹرسائیکل ،3گاڑیاں برآمد کرلی ۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں موٹرسائیکل اورگاڑیاں چھیننے والے ملزمان بھی سامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ ستمبر کے ابتدائی 16 دنوں میں منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں شہر کو منشیات، غیر قانونی اسلحہ اور جرائم سے پاک کرنے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں یہ سلسلہ صرف کارروائیوں تک محدود نہیں بلکہ ایک مستقل مشن ہے، جس کے تحت معاشرے کو محفوظ اور پرامن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کوئٹہ پولیس نے اس عزم کا اعادہ رکتھی ہے کہ جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور شہر کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔