بالی وڈ اداکارہ نفیسہ علی میں دوبارہ کینسر کی تشخیص

بدھ 17 ستمبر 2025 20:20

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2025ء)ماضی میں کینسر سے صحت یاب ہونے والی سینئر بولی وڈ اداکارہ نفیسہ علی سوڈھی ایک بار پھر کینسر کا شکار ہوگئیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق نفیسہ علی سوڈھی نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے دوبارہ کیموتھراپی شروع کرنے کا بتایا۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں پیٹ اسکین کروایا، جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں دوبارہ کیموتھراپی شروع کرنے کا کہا، کیوں کہ اب سرجری ممکن نہیں۔

انہوں نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اپنے بچوں کے لیے خوبصورت پیغام بھی لکھا، انہوں نے بیٹیوں ارمانہ اور پیا، بیٹے اجیت کے لیے لکھا کہ وہ ایک دوسرے کا سہارا بنیں اور آپس میں محبت بانٹیں۔اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں ایک اقتباس شیئر کیا جس میں لکھا تھا کہ جب وہ نہ رہیں تو ان کے بچوں کو ایک دوسرے کی طرف دیکھنا چاہیے، کیونکہ بہن بھائیوں کا رشتہ زندگی کی ہر مشکل سے زیادہ مضبوط ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اداکارہ نے پوسٹ میں لکھا کہ وہ زندگی سے بہت پیار کرتی ہیں، ان کی پوسٹ پر صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس بار نفیسہ علی کا کینسر ابتدائی دو اسٹیجز سے بڑھ چکا ہے اور ان کی بیماری تیسری اسٹیج کے آخری مرحلے یا چوتھی اسٹیج کے آغاز میں ہے۔نفیسہ علی 2018 میں تیسری اسٹیج کے پیریٹونیل اور اوورین کینسر سے جنگ لڑ چکی ہیں، انہوں نے 2019 میں بیماری سے تقریبا صحت یاب ہونے کا بتایا تھا، بعد ازاں 2021 میں انہوں نے فلموں میں دوبارہ واپسی کی تھی۔نفیسہ علی بھارتی ریاست بنگال کے شہر کولکتا میں مسلم گھرانے میں پیدا ہوئیں، زمانہ طالب علمی میں وہ اسپورٹس میں دلچسپی رکھتی تھیں اور انہوں نے سوئمنگ کے نیشنل ایوارڈز بھی حاصل کیے۔