مری میں پنجاب کا پہلا ٹری ہاؤس کا افتتاح کر دیا گیا

بدھ 17 ستمبر 2025 21:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب (TDCP) کے منیجنگ ڈائریکٹر عاصم رضا نے ریجنل منیجر معظم نذیر کے ہمراہ ٹی ڈی سی پی ریزورٹ پتریاٹہ کا دورہ کیا اور پنجاب کے پہلے ٹری ہاؤس کا افتتاح کیا۔منیجنگ ڈائریکٹر عاصم رضا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ شاندار اور ماحولیاتی دوست (Eco-Friendly) رہائش اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جو سیاحوں کو قدرتی جنگلات کے دل میں درختوں کے بیچ قیام کا منفرد تجربہ فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

ٹری ہاؤس میں جدید سہولیات اور قدرتی حسن کا امتزاج سیاحوں کے لیے یادگار لمحات تخلیق کرے گا، جو مری کی سیاحت کو ایک نئی پہچان دے گا۔ٹری ہاؤس مری کو ایک جدید اور پائیدار سیاحتی مقام کے طور پر اجاگر کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ یہ سہولت نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سیاحوں کے لیے بھی پرکشش ثابت ہوگی۔یہ منصوبہ ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے اس عزم کا اظہار ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر سیاحت مریم اورنگزیب کے ویژن کے مطابق مری کو ایک جدید، پائیدار اور عالمی معیار کے سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دی جائے۔