کولمبیا ، پولیس سٹیشن میں آتشزدگی، 5 افراد ہلاک، 7 زخمی

جمعرات 18 ستمبر 2025 08:50

بوگوٹا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) کولمبیا کے وسطی علاقے کونڈنامارکا کے قصبے فنزا میں ایک پولیس اسٹیشن میں آتشزدگی کے باعث کم از کم 5 افراد ہلاک اور 7 شدید زخمی ہو گئے۔شنہوا کے مطابق اس واقعے کی تصدیق کونڈنامارکا کے گورنر، جارج ایمیلیو رے نے کی ہے۔گورنر کے مطابق زیرِ حراست افراد نے مبینہ طور پر گدے جلا کر آگ لگا دی جس سے پورے سیل میں آگ پھیل گئی۔

(جاری ہے)

زخمی افراد کو قریبی اسپتالوں کے آئی سی یو میں داخل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد متاثرین کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا کہ پولیس اور فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی نہیں کی، جس کے باعث زیادہ جانی نقصان ہوا۔اس حوالے سے گورنر کا کہنا تھا کہ انہوں نے مقامی پولیس اور اٹارنی جنرل کے دفتر سے واقعے کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آتشزدگی کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے لگتا ہے کہ یہ آگ زیرِ حراست قیدیوں کی جانب سے لگائی گئی تھی، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔