آٹوموبائل کی صنعت کے منافع میں گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں 16فیصداضافہ ریکارڈ

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) آٹوموبائل کی صنعت کے منافع میں گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں 16فیصداضافہ ریکارڈکیاگیا۔ آٹوموبائل کمپنیوں کی جانب سے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کردہ مالیاتی بیانات کے مطابق گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں آٹوموبال شعبہ کومجموعی طورپر16.89ارب روپے کاخالص منافع حاصل ہواجوپیوستہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 16فیصدزیادہ ہے،مالی سال 2024کی آخری سہ ماہی میں آٹوموبائل کی صنعت کو14.56ارب روپے کاخالص منافع حاصل ہواتھا،اس مدت کے دوران آٹوموبائل شعبہ کی مجموعی ریونیوکاحجم 197.73ارب روپے ریکارڈکیاگیاہے۔

گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں اطلس ہونڈا کمپنی کو4.80ارب روپے کابعدازٹیکس منافع حاصل ہواجوپیوستہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 38.2فیصدزیادہ ہے، پیوستہ مالی سال کی اسی مدت میں ہونڈااطلس کارکمپنی کو3.47ارب روپے کاخالص منافع حاصل ہواتھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں انڈس موٹرز کمپنی کو 6.45ارب روپے کاخالص منافع حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 13.9فیصدزیادہ ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں انڈس موٹرز کمپنی کو5.66ارب روپے کا خالص منافع حاصل ہواتھا۔گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں ملت ٹریکٹرز کمپنی کو1.32ارب روپے جبکہ سازگارانجنئیرنگ کمپنی کو3.48ارب روپے کاخالص منافع حاصل ہوا۔ملک میں آٹوموبائل شعبہ کی نمومیں اضافہ ہورہاہے اورجاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر 43فیصد اضافہ ر یکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان آٹومینوفیکچررزایسوسی ایشن کے مطابق مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ملک میں گاڑیوں کے 301498یونٹس کی فروخت ہوئی ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 43فیصدزیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملک میں گاڑیوں کے 211252یونٹس کی فروخت ریکارڈکی گئی تھی۔ اگست میں ملک میں 163775یونٹ گاڑیوں کی فروخت ریکارڈکی گئی ہے جوجولائی کے 137699یونٹس کے مقابلہ میں 19فیصدزیادہ اورگزشتہ سال اگست کے 115903یونٹ کے مقابلہ میں 41فیصدزیادہ ہے۔ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے دوماہ میں انڈس موٹرز کی گاڑیوں کی فروخت میں سالانہ بنیادوں پر78فیصد،پاک سوزوکی لمیٹڈ33فیصد، ہنڈااطلس کمپنی24فیصد اور سازگار انجینئرنگ کمپنی کی گاڑیوں کی فروخت 20فیصداضافہ ہواہے۔ \395