تھانہ سبزی منڈی اور ہومی سائیڈ یونٹ اسلام آباد کی مشترکہ کارروائی ،قتل میں ملوث دو خطرناک اشتہاری ملزمان گرفتار

جمعرات 18 ستمبر 2025 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) تھانہ سبزی منڈی اور ہومی سائیڈ یونٹ اسلام آباد نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث دو خطرناک اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عاشق علی اور اسماعیل خان کے نام سے ہوئی ہے۔ترجمان کے مطابق، دونوں ملزمان نے تھانہ سبزی منڈی کی حدود میں شہری عبدالرئوف کو اسلحہ آتشیں سے فائرنگ کر کے قتل کیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی اور سائنسی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا اور انہیں گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے آلہ قتل کے طور پر استعمال ہونے والے دو پستول بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، اور انہیں چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔