پنجاب کبڈی چیمپئن شپ 25 ستمبر کو جناح سٹیڈیم اوکاڑہ میں کھیلی جائےگی

جمعرات 18 ستمبر 2025 17:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) پنجاب کبڈی چیمپئن شپ 25 ستمبر کو جناح سٹیڈیم اوکاڑہ میں کھیلی جائےگی۔ پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری چوہدری طاہر وحید جٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری افتخار حسین چھچھر نے چیمپئن شپ منعقد کروانے کی منظوری دے دی ہے۔

چیمپئن شپ میں پنجاب بھر سے نو ڈویژنوں کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ملتان اور ساہی وال کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ان ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا اور چیمپئن شپ ناک آؤٹ سسٹم پر کھیلی جائےگی۔ چیمپئن شپ میں 9لاکھ چالیس ہزار روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔

(جاری ہے)

چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں میڈلز، ٹرافیاں اور کیش ایوارڈ سے تقسیم کئے جائیں گے۔ اول آنے والی ٹیم کو چار لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا جبکہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کے لئے تین لاکھ روپے کی انعامی رقم سے نوازا جائے گا۔ چوہدری طاہر وحید جٹ نے مزید بتایا کہ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا پنجاب کبڈی ٹیم کے لئے انتخاب کیا جائے گا اور کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر ہوگا۔