پنجاب حکومت کا عارضی بنیادوں پر طبی ماہرین بھرتی کرنے کا فیصلہ

بھرتی سے قبل کم ازکم دواخبارات میں اشتہار دینا لازمی قراردیا گیا ہے جن میں بھرتی کا مکمل طریقہ کارواضح ہوگا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 18 ستمبر 2025 17:03

پنجاب حکومت کا عارضی بنیادوں پر طبی ماہرین بھرتی کرنے کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 ستمبر 2025ء ) پنجاب حکومت نے عارضی بنیادوں پر طبی ماہرین بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا، حکومت کی جانب سے اس اقدام کو صوبے میں عملے کی کمی سے پیدا ہونے والے مسائل کا فوری حل قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پنجاب لوکم ہائرنگ ایکٹ 2025ء پیش کیا گیا، جس کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے، کمیٹی دو ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی اورصوبے میں طبی ماہرین کی عارضی بھرتی کے لیے پالیسی مرتب کرے گی۔

بتایا گیا ہے کہ قانون کے تحت کمیٹی میں سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئرکی چیئرپرسن اوروائس چیئرپرسن کے علاوہ تین فیلڈ ماہرین شامل ہوں گے جو صحت کے شعبے میں عملے کی کمی کی نشاندہی کریں گے اورعارضی بھرتیوں کے ٹی او آرز طے کریں گے، بھرتی سے قبل کم ازکم دواخبارات میں اشتہار دینا لازمی قراردیا گیا ہے جن میں بھرتی کا مکمل طریقہ کارواضح ہوگا، عارضی بھرتی کی مدت میں توسیع یا اختتام کا اختیار پالیسی کمیٹی کے پاس ہوگا۔