لاہوربورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج جاری کردیے

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2025ء) لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ رواں سال امتحانات میں ایک لاکھ 80 ہزار امیدواروں نے شرکت کی۔ نتائج کے مطابق 70 فیصد لڑکیوں نے شاندار رزلٹ حاصل کیا جبکہ 40 ہزار سے زائد لڑکے انٹرمیڈیٹ امتحان میں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سی ایم ٹاسک فورس برائے تعلیمی بورڈز مزمل محمود نے نتائج کے تجزیے کے دوران بتایا کہ سائنس مضامین میں 76 فیصد سے زائد طلبہ کامیاب ہوئے، تاہم آرٹس گروپ کی صورتحال تشویشناک رہی۔

آرٹس میں 24 ہزار امیدواروں میں سے صرف 6 ہزار طلبہ کامیاب ہو سکے۔مزمل محمود کا کہنا تھا کہ آرٹس گروپ کے طلبہ کی ناکامی کی بڑی وجہ ریاضی اور انگریزی مضامین میں کمزور کارکردگی ہے۔ ان کے مطابق اساتذہ کو چاہیے کہ وہ آرٹس کے طلبہ پر بھی ویسی ہی توجہ دیں جیسی سائنس کے طلبہ کو دی جاتی ہے تاکہ مجموعی تعلیمی معیار میں بہتری لائی جا سکے۔لاہور بورڈ نے تمام نتائج اپنی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے ہیں اور امیدوار آن لائن اپنا رزلٹ معلوم کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :