شعبہ براہوی کی فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کی طالبات کے وفد کا جامعہ بلوچستان کے شعبہ براہوی اور مرکزی لائبریری کا تعلیمی و معلوماتی دورہ

جمعرات 18 ستمبر 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2025ء) گورنمنٹ گرلز ماڈل ڈگری کالج جناح ٹاؤن کوئٹہ کے شعبہ براہوی کی فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کی طالبات کے ایک وفد نے جامعہ بلوچستان کے شعبہ براہوی اور مرکزی لائبریری کا تعلیمی و معلوماتی دورہ کیا۔وفد کی قیادت لیکچررز محترمہ زیب النسا اور محترمہ آسیہ قیوم نے کی۔ جامعہ آمد پر چیئرمین شعبہ براہوی ڈاکٹر لیاقت سنی، ڈاکٹر شبیر احمد شاہوانی اور فیکلٹی ممبر محترمہ زاہدہ نے طالبات اور اساتذہ کو خوش آمدید کہا۔

دورے کے دوران چیئرمین ڈاکٹر لیاقت سنی نے براہوی زبان کی تعلیم، تحقیق، نصاب سازی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے براہوی زبان میں تحقیق کے امکانات پر تفصیلی لیکچر دیا اور علاقائی زبانوں کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شبیر احمد شاہوانی نے بھی خطاب کرتے ہوئے طالبات کو براہوی زبان و لسانیات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دی اور BS، MS اور AI سے متعلقہ تحقیقی موضوعات پر روشنی ڈالی۔

طالبات نے لیکچر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور براہوی زبان، تحقیق اور مستقبل کی تعلیمی راہوں کے حوالے سے سوالات بھی کیے جن کے جوابات فیکلٹی ممبران نے تفصیل سے دیے۔بعدازاں طالبات نے جامعہ کی مرکزی لائبریری کا دورہ کیا، جہاں لائبریری انچارج جناب عابد حسین نے کتب، تحقیق اور ادب سے متعلق مختلف وسائل کے بارے میں بریفنگ دی اور لائبریری کے مو¿ثر استعمال کے طریقے بتائے۔

شعبہ براہوی کی جانب سے طالبات کو براہوی زبان کی کتابیں بطور تحفہ پیش کی گئیں تاکہ مطالعے کا شوق پیدا ہو اور مادری زبان سے وابستگی بڑھے۔لیکچرر محترمہ زیب النسا نے شعبہ براہوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ نہایت معلوماتی اور طلبہ کے تعلیمی مستقبل کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوا۔ایسے تعلیمی دورے کالج اور یونیورسٹی کے درمیان روابط کو مضبوط بناتے ہیں اور طلبہ کو اپنے شعبہ جات میں مستقبل کی تعلیمی راہوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہیں۔