فیصل آباد،ایم ڈی کیٹ کا امتحان 26 اکتوبر کو ہوگا

جمعہ 19 ستمبر 2025 13:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسزلاہور کے زیر اہتمام ایم ڈی کیٹ کا امتحان 26 اکتوبر کو ہوگا۔ ایم ڈی کیٹ کے انعقاد اورفول پروف انتظامات کے سلسلہ میں اجلاس ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن(ر) ندیم ناصر کی زیر صدارت منعقدہواجس میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نمائندگان نے آن لائن شرکت کی جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس میں بتایا گیا گی ایم ڈی کیٹ امتحان میں شرکت کرنے والی فیصل آباد ڈویژن کی4 ہزار لڑکیوں کے لئے ڈویژنل پبلک سکول اور ڈویژنل ماڈل کالج فیصل آبادمیں 2 جبکہ1600 لڑکوں کے لئے جی سی یونیورسٹی فیصل آبادمیں ایک امتحانی مرکز قائم کیا گیاہے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ امتحان کے روزبچوں کے ہمراہ آنے والے والدین کے لئے بیٹھنے کی سایہ دار جگہ، پینے کے صاف پانی، پنکھوں اور کھانے پینے کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے نیزامتحانی مراکز میں رہنمائی ڈیسک، صاف واش رومز اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہوگی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسکیورٹی کے حوالے سے پولیس کو فول پروف پلان تشکیل دینے اور امتحانی مراکز کے داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی ٹریفک پلان اور پارکنگ ایریاز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کی ٹیمیں امتحانی مراکز پر ہمہ وقت موجود رہیں گی جبکہ محکمہ صحت کے موبائل ہیلتھ کلینکس بھی تعینات کئے جائیں گے۔

سول ڈیفنس کے تعاون سے واک تھرو گیٹس نصب ہوں گے اور تربیت یافتہ والنٹیئرز امیدواروں اور والدین کی رہنمائی کے لئے خدمات انجام دیں گے۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ ایم ڈی کیٹ امتحان کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی ۔