Live Updates

دریائے چناب میں سیلابی پانی کی سطح میں کمی، متاثرین کی واپسی اور بحالی کا عمل تیز

جمعہ 19 ستمبر 2025 15:25

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) دریائے چناب میں سیلابی پانی کی سطح میں مسلسل کمی کے بعد متاثرین کی اپنے گھروں کو واپسی کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے تباہ شدہ اور متاثرہ گھروں میں جراثیم کش سپرے مہم کا آغاز کر دیا ہے تاکہ متاثرین کو صحت کے مسائل سے محفوظ رکھا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی خصوصی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو حفاظتی ویکسی نیشن بھی فراہم کریں گی جبکہ واپس جانے والے متاثرین کو خیمے اور دیگر اشیائے ضرورت دی جا رہی ہیں۔ شجاع آباد میں پانی مکمل اترنے کے بعد تمام فلڈ ریلیف کیمپس بند کر دیئے گئے ہیں جبکہ سٹی اور صدر تحصیلوں میں خیمہ بستیاں خالی ہونے پر ریلیف کیمپس کی تعداد بھی کم کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انتظامیہ کے مطابق سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے جامع سروے شروع کر دیا گیا ہے تاکہ نقصان کا درست تخمینہ لگایا جا سکے اور متاثرین کو بروقت معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سپرے کے بعد خصوصی میڈیکل کیمپس بھی لگائے جائیں گے تاکہ بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چند روز میں ملتان سٹی اور صدر تحصیل میں سیلاب متاثرین کی 100 فیصد واپسی مکمل ہو جائے گی جس کے بعد بحالی کے اقدامات مزید تیز کر دیئے جائیں گے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :