حضرت محمد ﷺ بنی نوع انسان کی تاریخ میں سب سے بڑی ہستی ہیں‘پروفیسر ڈاکٹر محمد علی

جمعہ 19 ستمبر 2025 17:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا ہے کہ بنی نوع انسان کی تاریخ میں حضرت محمد ﷺ سے بڑی کوئی ہستی نہیںبطور امتی ہمارے لئے یہ امر باعث فخر ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی آفیسر زویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام الرازی ہال میں منعقدہ محفل ذکر و نعت سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پرپنجاب یونیورسٹی کے پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، چیئرمین شعبہ عربی پروفیسر ڈاکٹر حامد اشرف ہمدانی،صدر پنجاب یونیورسٹی ویلفیئر ایسو سی ایشن ڈاکٹر توقیر، سیکریٹری رانا مظفر علی سمیت دیگرعہدیداران اور افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی پیدائش دنیا میں سب سے بڑا انقلاب برپا ہوا جس نے معاشرے کو تہذیب ، شعور اورتمام مخلوقات کے حقوق بارے آگاہی فراہم کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قرآن پاک مکمل ضابطہ حیات ہے جس میںعلم ، عمل اور قانون کا خزانہ پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں امن اور خوشحالی کے لئے نبی کریمﷺ کی ذات اقدس سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ کا مطالعہ کرکے ہم جان سکتے ہیں کہ آپ ﷺ کا دوسروں کے ساتھ رویہ کیسا تھا ۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے گورننس کا بہترین ماڈل ریاست ِ مدینہ میں قائم کیا۔

انہوں نے کہا آپ ﷺ کی سیرت طیبہ کا مطالعہ کئے بغیر زندگی میں روشنی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی شان اقدس پر غیر مسلموں نے بھی قصیدے لکھے ہیں ۔ انہوں نے آپ ﷺ کی پیدائش کی 1500سالہ تقریبات کے سلسلے میں خوبصورت محفل سجانے پر منتظمین کو مبارک باد پیش کی۔پروفیسرڈاکٹرحامد اشرف ہمدانی نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کے اوصاف اور کمالات بارے بیان کرنے کیلئے الفاظ کا ذخیرہ بہت کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی اتباع ہی اللہ تعالیٰ سے محبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی ذات اقدس ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے جس پر عمل پیرا ہو کر زندگی میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ نے اپنے عمل سے امت کو جو درس دیا اسے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔