Live Updates

سیلاب زدگان کے نقصان کے ازالے کیلئے حکومت تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے، وزیرزراعت سید عاشق حسین کرمانی

جمعہ 19 ستمبر 2025 18:32

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر کمیشن کا چوتھا اجلاس ایگریکلچر ہاؤس ملتان میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے زراعت اسامہ خان لغاری، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، سیکرٹری لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ احمد عزیز تارڑ سمیت اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں سیلاب کے دوران اور بعد کی زرعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے انسانی و حیوانی جانوں کے ساتھ ساتھ فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے ازالے کے لیے حکومت تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب فلڈ ریلیف اور ریسکیو آپریشنز کو روزانہ مانیٹر کر رہی ہیں جبکہ متاثرین کو خوراک، رہائش اور صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کے جانوروں کی محفوظ مقامات پر منتقلی، ویکسینیشن اور علاج معالجہ جاری ہے جبکہ فصلوں کے نقصانات کے تخمینے اور سروے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب جلد ہی کسانوں اور متاثرین کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان کریں گی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ جانوروں کے لیے سبز چارہ اور خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ فیلڈ فارمیشنز کی ریلیف سرگرمیاں روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جا رہی ہیں۔

سیکرٹری لائیو اسٹاک احمد عزیز تارڑ نے کہا کہ متاثرین کے جانوروں کے لیے ونڈا اور سائلیج کی سپلائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت محمد شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر عامر رسول، چیف ایگزیکٹو پارک ڈاکٹر عابد علی، سید حسن رضا، جاوید سلیم قریشی، ڈاکٹر خالد حمید، ڈاکٹر ظفر حیات، عامر حیات بھنڈارہ اور خالد محمود کھوکھر سمیت دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات