بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں قدرتی آفات میں آئمہ و خطباء کے کردار پر سیمینار کا انعقاد

جمعہ 19 ستمبر 2025 20:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) دعوہ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ تربیت برائے ائمہ و خطباء کے زیر اہتمام "قدرتی آفات کے تناظر میں آئمہ و خطباء کا جامع کردار" کے عنوان سے ایک روزہ سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کا مقصد قدرتی آفات کے دوران اور بعد میں سماجی و نفسیاتی مسائل کے حل میں مذہبی رہنماؤں کے ممکنہ کردار کو اجاگر کرنا تھا۔

سیمینار دو سیشنز پر مشتمل تھا۔ پہلے سیشن میں "نفسیاتی مسائل اور علماء کا کردار" کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کلینیکل سائیکالوجسٹ ڈاکٹر شمشیر حیات نے کہا کہ آفات زدہ علاقوں میں نفسیاتی مسائل سب سے پہلے سامنے آتے ہیں، ایسے میں آئمہ و خطباء عوام کے لئے ابتدائی ذہنی و روحانی سہارا بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے صبر، امید، اور نفسیاتی علاج کی اہمیت پر زور دیا۔

دوسرے سیشن "مسجد، کمیونٹی اور سماجی قیادت" سے ڈاکٹر عبیدالرحمٰن بشیر، فیکلٹی ممبر، جامعہ عربیہ اور ڈائریکٹر مرکز الایمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام صرف نماز کا قائد نہیں بلکہ کمیونٹی لیڈر ہونا چاہئے۔ انہوں نے تجویز دی کہ مساجد کو فلاحی مراکز بنایا جائے اور ہر مسجد کم از کم دو مستحق بچوں کی کفالت کرے تو بڑا سماجی انقلاب آ سکتا ہے۔

اختتامی کلمات میں ڈائریکٹر جنرل دعوہ اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے کہا کہ "ہمارا مستقبل آئمہ کے ساتھ وابستہ ہے۔" انہوں نے موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق تبلیغ اور قیادت میں اصلاحات پر زور دیا۔آخر میں انچارج شعبہ تربیت برائے آئمہ و خطباء ڈاکٹر حافظ عبدالمَنان زاہدی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور جلد ہی نفسیات و کمیونٹی ورک پر تین روزہ تربیتی پروگرام کے انعقاد کا اعلان کیا۔ سیمینار کے اختتام پر مہمانوں کو شیلڈز اور شرکاء کو اسناد دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :