صوبائی وزیر خزانہ کی زیر صدارت سماجی و سیاسی کمیٹی کا پہلا جائزہ اجلاس

سماجی و سیاسی کمیٹی کا قیام بلوچستان میں پائیدار امن، استحکام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام ہے، جو مقامی سطح پر حکومتی اقدامات کو مؤثر اور مربوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا،شعیب نوشیروانی

جمعہ 19 ستمبر 2025 19:40

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی زیر صدارت سماجی و سیاسی کمیٹی کا پہلا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ عبدالروف بلوچ، اسپیشل سیکریٹری خزانہ جہانگیر کاکڑ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے سماجی پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ایپیکس کمیٹی کے منظور شدہ نکات کا جامع جائزہ لیا گیا اور مختلف اہم امور زیر غور لائے گئے۔اجلاس کے دوران جن نکات پر خصوصی توجہ دی گئی ان میں سیکیورٹی آرکیٹیکچر، سماجی طور پر لوگوں کا سوشل میڈیا پر انتشار پھیلا نے والے مواد کا تدارک۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سماجی و سیاسی کمیٹی کا قیام بلوچستان میں پائیدار امن، استحکام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک اہم اقدام ہے، جو مقامی سطح پر حکومتی اقدامات کو مؤثر اور مربوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں، بی آئی ایس اے کے 28 نکات، جن میں تخریب کاری سے متعلق تمام امور شامل ہیں، کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا تاکہ ایک جامع، مؤثر اور ہمہ جہتی پالیسی تشکیل دی جا سکے۔اجلاس کے اختتام پر فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی ہر ماہ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کرے گی تاکہ طے شدہ اقدامات پر عملدرآمد کے تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔