عوام کی خدمت ہمارا سیاسی نصب العین ہے، جس سے ہم کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے،حاجی محمد خان لہڑی

جمعہ 19 ستمبر 2025 19:40

نصیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2025ء)رکن صوبائی اسمبلی و صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت ہمارا سیاسی نصب العین ہے، جس سے ہم کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اپنے حلقہ انتخاب میں 50 کلومیٹر طویل بلیک ٹاپ سڑکوں کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے کے تین اسکولوں کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دیا گیا ہے، جبکہ تعلیم، صحت اور آبنوشی کے منصوبے مفاد عامہ کے تحت تیز رفتاری سے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ ان محکموں کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے کیونکہ یہ براہ راست عوام کی بنیادی ضروریات سے منسلک ہیں۔ حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایات پر بلوچستان بھر میں ترقیاتی حکومتی فیصلوں پر عمل درآمد جاری ہے۔

(جاری ہے)

تعلیم و صحت کے شعبوں میں میرٹ کی بنیاد پر آسامیوں پر تعیناتیاں حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لہڑی ہاؤس ڈیرہ مراد جمالی میں عوامی وفود سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ وفود نے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر میر عبدالغفور لہڑی، سب ڈویژنل آفیسر روڈز ذوالفقار لہڑی، حاجی احمد سلطان لہڑی، حاجی عبدالغفار پندرانی، امان اللہ مینگل سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔

حاجی محمد خان لہڑی نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے اور ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے دینار فٹبال گراؤنڈ کے مسائل بھی حل کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں نصیرآباد میڈیکل کالج کا سنگ بنیاد رکھا گیا جبکہ بی آر سی کالج کی منظوری بھی ہماری عوامی خدمت کا ثبوت ہے، ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔