ٹیچنگ ہسپتال تربت میں خون کی منتقلی کے موضوع پرورکشاپ

جمعہ 19 ستمبر 2025 20:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2025ء) مکران میڈیکل کالج کے زیراہتمام ٹیچنگ ہسپتال تربت میں خون کی منتقلی کے موضوع پرورکشاپ منعقد ہوئی۔ صدارت پرنسپل مکران میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر افضل خالق نے کی، جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر وحید بلوچ، صدر پی ایم اے کیچ ڈاکٹر غنی، فیکلٹی ممبران، ڈاکٹرز، عملہ اور میڈیکل ٹیکنیشن ٹرینی طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ورکشاپ کا آغاز خون کی منتقلی کے بنیادی اصولوں، حفاظتی پروٹوکولز اور ممکنہ خطرات سے متعلق لیکچرز سے ہوا، جس کے بعد اسکل لیب میں شرکاء کو عملی مظاہرے اور تربیت فراہم کی گئی۔ کیچ تھیلیسیمیا کیٔر سینٹر کے عملے نے بھی ورکشاپ میں فعال کردار ادا کیا۔قیادت ایسوسی ایٹ پروفیسر و ہیڈ آف پیڈیاٹرکس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر مصباح منیر نے کی، جبکہ ڈاکٹر پیر جان بلوچ اسسٹنٹ پروفیسر اور ڈاکٹر چاکر خان کنسلٹنٹ پیڈیاٹریشن سمیت دیگر فیکلٹی ممبران نے معاونت کی تقریب کے اختتام پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور فیکلٹی ممبران کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ یہ ورکشاپ مکران میڈیکل کالج اور ٹیچنگ ہسپتال تربت کے اس عزم کی عکاس ہے کہ وہ نہ صرف تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنائیں گے بلکہ مریضوں کی سلامتی اور پروفیشنل صلاحیتوں کے فروغ کو بھی یقینی بنائیں گے۔

متعلقہ عنوان :