وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان طے پانے والا دفاعی معاہدہ تاریخی سنگ میل ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کے اتحاد کی علامت ہے، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چوہدری

ہفتہ 20 ستمبر 2025 15:58

وزیر اعظم   اور سعودی ولی   عہد کے درمیان طے پانے والا  دفاعی معاہدہ  ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان طے پانے والا پاک سعودی سٹریٹجک دفاعی معاہدہ ایک تاریخی سنگ میل ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری مسلم دنیا کے اتحاد کی علامت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم سعودی عرب اور مقدس مقامات کو اپنی جان سے بڑھ کر عزیز رکھتی ہے اور سعودی عرب کے دفاع کو دینی فریضہ سمجھتی ہے، اس معاہدے سے پاکستان کی سلامتی، خطے میں استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کو نئی تقویت ملے گی جو ایک نئے دور کی شروعات ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس اہم پیش رفت پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام آنے والی نسلوں کے تحفظ کا ضامن اور دونوں برادر ممالک کے لیے باعث فخر ہے۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ یہ دفاعی معاہدہ حقیقی معنوں میں گیم چینجر ثابت ہو گا جو پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید وسعت دے گا اور حرمین شریفین کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مسلم دنیا کے اتحاد کی ضمانت بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دفاعی تعاون محض عسکری سطح تک محدود نہیں رہے گا بلکہ معیشت پر بھی دور رس اثرات مرتب کرے گا، اس سے سرمایہ کاری میں اضافہ اور اعتماد کی فضا قائم ہو گی جس سے پاکستان کی ترقی کے سفر کو نئی جہت ملے گی۔

بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ اس معاہدے سے دنیا بھر کو ایک مثبت اور مضبوط پیغام جائے گا، بالخصوص بھارت کے لیے یہ ایک واضح اشارہ ہے کہ اگر اس نے پاکستان پر جارحیت کی کوشش کی تو اسے پاکستان کے ساتھ ساتھ پوری عرب دنیا کی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ پاکستان پر حملہ دراصل سعودی عرب پر حملے کے مترادف سمجھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک سعودی اتحاد دیرپا امن کی ضمانت ہے اور یہ قومی قیادت کی بہترین حکمت عملی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اس معاہدے سے نہ صرف خطے کے استحکام میں اضافہ ہو گا بلکہ مسلم دنیا میں بھی پاکستان کا کردار مزید مضبوط ہو کر ابھرے گا۔\932