پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ

ہفتہ 20 ستمبر 2025 21:34

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2025ء)پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈینز اور ڈائریکٹرز سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون، موسمیاتی تبدیلی، تعلیمی و تحقیقی اشتراک، غذائی استحکام، زمین کی زرخیزی، زراعت اور لائیو سٹاک کی ترقی سمیت مختلف موضوعات پر بات چیت کی گئی۔

برطانوی ہائی کمشنر نے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان زرعی اور تعلیمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یونیورسٹی میں برطانیہ کے تعاون سے 15 تحقیقی منصوبے جاری ہیں جو مختلف چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹھوس نتائج دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ اسکاٹ لینڈ پاکستان اسکالرشپ سے 430 طالبات مستفید ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی فنڈنگ سے پانی، انٹومالوجی اور انتہائی مؤثر پائیدار کولنگ سلوشنز پر منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور زمین کی زرخیزی پر مشترکہ کام وقت کی ضرورت ہے تاکہ مختلف چیلنجز کا سامنا کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے دنیا بھر میں اچھے تعلقات ہیں اور کیو ایس رینکنگ کے مطابق زراعت اور جنگلات کے شعبے میں اس کا 34واں نمبر ہے۔