ضلعی انتظامیہ کی گرانفروشوں، ممنوعہ پلاسٹک بیگز، قصابوں، دودھ فروشوں اور تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں

ہفتہ 20 ستمبر 2025 20:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2025ء) ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے شہر اور مضافاتی علاقوں میں پرائس کنٹرول، ممنوعہ پلاسٹک بیگز، قصابوں، دودھ فروشوں اور تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کیں۔انتظامیہ کی جانب سے 87 دکانوں کا معائنہ کیا گیا، 13 افراد گرفتار اور 5 کو جیل منتقل کیا گیا۔ کارروائی کے دوران 125 کلو گرام پلاسٹک تھیلے ضبط، 5 دکانیں سیل اور 13 دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

یہ کارروائیاں اسپنی روڈ، بروری روڈ، سریاب روڈ، گوالمنڈی چوک، میزان چوک، جان محمد روڈ، کواری روڈ، عالمو چوک، کچلاک بازار، نواں کلی، برما ہوٹل، مشرقی بائی پاس سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔اسپیشل مجسٹریٹ سب ڈویژن (سٹی) لیاقت علی جتوئی نے عدالت روڈ، مسجد روڈ اور قندہاری بازار میں دودھ فروشوں اور پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیاں کیں۔اسپیشل مجسٹریٹ سب ڈویژن (سریاب) عزت اللہ نے سریاب روڈ پر پرائس کنٹرول اور پلاسٹک بیگز بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کی۔اسسٹنٹ کمشنر (کچلاک) احسام الدین کاکڑ نے قصابوں اور پلاسٹک بیگز استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جبکہ اسپیشل مجسٹریٹ سب ڈویژن (صدر) حسیب سردار نے نواں کلی، جناح ٹاؤن اور عالمو چوک میں کارروائیاں کیں۔