ض*تیزرفتار سروس ڈیلیوری کے لئے دفتری امور میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا رہے ہیں جس کی بدولت درخواست گزاروں کو رئیل ٹائم ریلیف فراہم کرنے کی مشن کی تکمیل ہوگی،ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری

ہفتہ 20 ستمبر 2025 21:55

‘ فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 ستمبر2025ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا ہے کہ تیزرفتار سروس ڈیلیوری کے لئے دفتری امور میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا رہے ہیں جس کی بدولت درخواست گزاروں کو رئیل ٹائم ریلیف فراہم کرنے کی مشن کی تکمیل ہوگی۔ انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔

ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ و دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے مرد و خواتین درخواست گزاروں کے مسائل غور سے سنے اور ان کے فوری حل کے لئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری رکھیں۔ انہوں نے بعض مسائل کو سنتے ہوئے متعلقہ سٹاف کو ریکارڈ سمیت طلب کیا اور دستاویزات کے مطابق مسئلہ تمام صورت حال کی چھان بین کر کے موقع پر درخواست گزاروں کے اطمینان کے مطابق ریلیف فراہم کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ شہریوں کے مسائل پر کان نہ دھرنے والے سٹاف کا سخت محاسبہ ہوگا لہٰذا کوئی درخواست /فائل بلاوجہ زیر التواء نہیں رہنی چاہیئے اور سرکاری کام کی انجام دہی میں نے نیک نیتی اور دیانتداری اختیار کی جائے۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے شہریوں کو بتایا کہ مالی نظم و نسق اور شفاف حسابات کے لئے آن لائن سسٹم کے ذریعے مختلف واجبات اور فیسوں کی وصولی کی جارہی ہے جس کی بدولت سائلان کو بھی سہولت و آسانی میسر آئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل سسٹم سے اب درخواست گزاروں کو اونر شپ کلیئرنس سرٹیفکیٹ کا فوری اجراء کیا جا رہا ہے اور ان اقدامات میں ایف ڈی اے کو امتیازی حیثیت حاصل ہے جبکہ آئندہ مرحلے میں خواہش مند افراد یہ سرٹیفکیٹ گھر بیٹھے آن لائن حاصل کرسکیں گے اسی طرح ٹائون پلاننگ رپورٹ بھی رئیل ٹائم میں جاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ منظم و جدید شہری ترقی اور عوامی خدمت کے معیار میں اضافہ کے لئے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے تاکہ ادارہ کی سروسز پر عوامی اعتماد مضبوط ہو۔ شہریوں نے موقع پر مسائل حل کرنے پر ڈی جی ایف ڈی اے کا شکریہ ادا کیا اور جدید اصلاحات پر کامیابی سے عملدرآمد کو قابل ستائش قرار دیا

متعلقہ عنوان :