Live Updates

دریائے راوی ،ستلج اور چناب میں سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کا آغاز 24 ستمبر کو ہو گا،ریلیف کمشنر پنجاب

اتوار 21 ستمبر 2025 12:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 ستمبر2025ء) دریائے راوی ،ستلج اور چناب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور افراد کے ساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں کی رپورٹ جاری کر دی گئی جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کا آغاز 24 ستمبر کو ہو گا،صوبہ کے27 اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے باعث4700 سے زائد موضع جات متاثر ہو ئے ۔

دریائوں میں سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 47 لاکھ60 ہزار لوگ متاثر ہوئے۔ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں 271 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ متاثر ہونے والے اضلاع میں 300 میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے ہیں۔ ریلیف کمشنر نے کہا کہ سیلاب میں پھنس جانے والے26 لاکھ37 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے283 ویٹرنری کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔

متاثرہ اضلاع میں ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں میں21 لاکھ 17 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ حالیہ سیلاب سے مختلف حادثات میں131 شہری جاں بحق ہوئے۔انہوں ہے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔ نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کا آغاز24 ستمبر کو ہو گا، شفافیت اور آسان طریقہ کار سے شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات