سعودی وزیر خارجہ کی امریکی ہم منصب سے ٹیلی فونک بات چیت ، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال

پیر 22 ستمبر 2025 08:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو امریکی ہم منصب مارکو روبیو کی طرف سے ایک ٹیلی فون کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کی تازہ ترین پیشرفت اور اس حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔العربیہ کے مطابق دونوں وزراء کے درمیان یہ کال ایسے وقت میں ہوئی جب نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے لیے کام جاری ہے۔

شہزادہ فیصل بن فرحان اس اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی کانفرنس میں مملکت کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ یہ کانفرنس فلسطینی مسئلے کے پرامن حل اور رہنماؤں کی سطح پر دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے ہے۔ وہ دو ریاستی حل کو نافذ کرنے کے لیے بین الاقوامی اتحاد کے اعلیٰ سطح کے وزارتی اجلاس میں بھی شرکت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

80 ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مملکت متعدد اقدامات اور ملاقاتوں کی میزبانی کر رہی ہے جو علاقائی اور عالمی سلامتی اور استحکام کو فروغ دیتی ہیں اور سفارتی، انسانی اور ترقیاتی کوششوں کو بڑھاتی ہیں۔

گفتگو کے دوران سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے فلسطینیوں کے مصائب کو ختم کرنے اور جاری تشدد کے چکر کو روکنے کے لیے اپنے ملک کے موقف کی تجدید کی۔ انہوں نے زور دیا کہ فلسطینی مسئلہ تمام بین الاقوامی فورمز پر مملکت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔