سعودی عرب اور جی سی سی کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیرمقدم

پیر 22 ستمبر 2025 08:30

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2025ء) سعودی عرب،خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) اور رابطہ عالم اسلامی نے برطانیہ، آسٹریلیا اور کینیڈا کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے امن عمل کو آگے بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹر ی جنرل جاسم البدیوی نے بیان میں کہا کہ تینوں ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو سرکاری طورپر تسلیم کیے جانے کا فیصلہ خوش آئند اور اہم تاریخی و منصفانہ اقدام ہے۔سیکرٹر ی جنرل کا کہنا تھا’ اس فیصلے سے فلسطینی عوام کے حق کو تسلیم کرنے کی راہیں مزید آسان ہوں گی جو 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد ریاست کے قیام کی ہیں جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو۔انہوں نے ان ملکوں کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کو جراتمندانہ اقدام اورانسانی اقدار اور بین الاقوامی انصاف کے لیے مخلصانہ وابستگی قرار دیا۔